اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے منصفانہ مؤقف اور جائز جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے یہ بات یومِ شہدائے کشمیر (13 جولائی 2026) پر اپنے پیغا م میں کہی ۔صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنائے ،۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل پر ہے افسوس ناک امر یہ ہے کہ کشمیری عوام اب بھی بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ آج بھی نو لاکھ سے زائد بھارتی قابض افواج جموں و کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے کشمیری عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے سات دہائیوں سے زائد عرصہ پر محیط جدوجہد کے دوران اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں ہیں جنہیں تاریخ میں ہمیشہ احترام اور عقیدت کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔