کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نےکہا کہ محمود اچکزئی جو فیصلہ کرینگے پی ٹی آئی اس کے پیچھے کھڑی ہوگی۔ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے سینئر تجزیہ کار کامران یوسف نے بھی گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک میں دہشت گردوں نے نہتے لوگوں مارا اور اٹھا کر لے گئے اور پھر زیارت میں 40پولیس اہلکاروں کو شہید کیا پھر بلوچستان حکومت نے فیصلہ کیا کہ ان دہشت گردوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایپکس کمیٹی کی میٹنگ میں فیلڈمارشل کو بریفنگ دی گئی اور فیصلہ ہوا تمام دہشت گردوں کا قلع قمع کرنا چاہیے اس کے بعد پاکستان کی فورسز نے آپریشن میں 100کے قریب دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ۔ایک پہاڑی سلسلہ ہے کوئٹہ سے زیارت تک جہاں پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں اور وہ کارروائیاں بھی کررہے ہیں جہاں پر فورسز نے آپریشن شروع کیا ہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے دھرنا کے شرکاء کی شکایتوں پر ایس ایس پی کو فوری معطل کردیا اور ایک اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کی جو ان واقعات کا جائز لے گی ۔شرکاء نے اس کمیٹی کو ماننے سے انکار کردیا اور مطالبہ کیا اعلیٰ سطح عدالتی نظام قائم کیا جائے جس پر حکومت نے جوڈیشل کمیشن بنانے کی شرائط مان لی ۔۔وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے جیو نیوز کے پروگرام "نیا پاکستان"میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5اگست کو عمران خان کی قید کو تین سال مکمل ہورہے ہیں اور تحریک کی ذمہ داری محمود اچکزئی کے پاس ہے وہ جو بھی فیصلہ کرینگے پی ٹی آئی اس کے پیچھے کھڑی ہوگی اور ہم بھی یہ چاہتے ہیں کہ جو بھی فیصلہ ہو وہ فیصلہ کن ہوں اور عمران خان نے محمود اچکزئی کو فیصلے کا اختیار دیا ہوا ہے اور عمران خان کے اس فیصلے پر پی ٹی آئی میں ایسی کوئی شخصیات نہیں ہیں جو عمران خان کے اس فیصلے کے سامنے آئے ۔