اسلام آباد (عاصم جاوید) پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کا مرکزی اجلاس آج منعقد ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس کی چیئرمین شپ مصر سے پاکستان کو منتقل ہو گی۔ کانفرنس میں 57 رکن ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر شزا فاطمہ اور خواتین بڑی تعداد میں شریک ہوں گی۔ کانفرنس کے اختتام پر اسلام آباد اعلامیہ جاری ہو گا۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی کر رہا ہے جو پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں 57 رکن ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔ مختلف تکنیکی ورکنگ گروپس بھی کانفرنس کا حصہ ہیں، اتوار کو کانفرنس کے تکنیکی اجلاس منعقد ہوئے جبکہ مرکزی وزارتی اجلاس آج ہو گا جس میں مبصرین اور وزارتی وفود شریک ہوں گے۔ اعظم نذیر تارڑ کے مطابق کانفرنس کی چیئرمین شپ مصر سے پاکستان کو منتقل ہو گی۔