اسلام آباد (عاصم جاوید) سپریم کورٹ کی سینیئر جج جسٹس مسرت ہلالی سات اگست کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گی۔ جسٹس مسرت ہلالی پشاور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس بھی رہ چکی ہیں۔ انہیں پشاور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ 8اگست 1961 کو پشاور میں پیدا ہوئیں اور 7اگست 2026 کو 65 سال کی عمر پوری ہونے پر اپنے منصب سے ریٹائر ہو جائیں گی۔ ہائی کورٹ میں بطور جج تعیناتی سے قبل انہوں نے وکلا سیاست میں بھرپور کردار ادا کیا۔ وہ ملک کی پہلی خاتون تھیں جو پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سیکرٹری منتخب ہوئیں۔ اس کے علاوہ وہ اسی بار ایسوسی ایشن کی دو مرتبہ نائب صدر، جنرل سیکرٹری، جبکہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دو مرتبہ ایگزیکٹو رکن بھی رہیں۔ جسٹس مسرت ہلالی نے بطور وکیل امریکہ میں لیڈرشپ پروگرام میں شرکت کی جبکہ خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق برطانیہ، جاپان، سنگاپور، نیپال، بھارت اور امریکہ میں منعقد ہونے والی مختلف بین الاقوامی تقریبات میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔