اسلام آباد (رانا غلام قادر) سینیٹ کے 362ویں اجلاس کی حاضری رپورٹ کے مطابق 10 جون سے 18جون 2026تک جاری رہنے والے اجلاس کے دوران مجموعی طور پر چھ نشستیں منعقد ہوئیں۔ فافن(FAFEN) کی مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق 95 رکنی ایوان میں سے 32 سینیٹرز (34 فیصد) نے تمام نشستوں میں شرکت کی، جبکہ 6 سینیٹرز (6 فیصد) ایک بھی نشست میں شریک نہیں ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے پہلے دن سب سے زیادہ حاضری ریکارڈ کی گئی جب 72 سینیٹرز (76 فیصد) اجلاس میں موجود تھے۔ اس کے برعکس پانچویں اور چھٹی نشست میں سب سے کم حاضری سامنے آئی جس میں64 سینیٹرز (67فیصد) شریک ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق 63 سینیٹرز (66 فیصد) کم از کم ایک نشست سے غیر حاضر رہے۔کابینہ کے ارکان کی حاضری کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک وفاقی وزیر نے تمام نشستوں میں شرکت کی جبکہ ایک وفاقی وزیر پورے اجلاس کے دوران ایک بھی نشست میں شریک نہیں ہوئے۔