اسلام آباد(کامرس رپور ٹر )وزارتِ خزانہ نے پاکستان کے خودمختار مالیاتی لین دین خصوصاً یورو بانڈ اور پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق حالیہ میڈیا رپورٹس اور عوامی تبصروں پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض رپورٹس حقائق کے برعکس، نامکمل معلومات پر مبنی اور اہم تناظر سے عاری ہیں وزارتِ خزانہ نے خبردار کیا کہ غلط اور گمراہ کن معلومات کی تشہیر سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے،اتوار کو وزارت خزانہ کےجاری بیان کے مطابق یورو بانڈ اور پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ دونوں کے اجرا کے دوران تمام متعلقہ قانونی، ضابطہ جاتی، خریداری اور منظوری کے تقاضے مکمل طور پر پورے کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ صرف شرحِ سود یا مدت کی بنیاد پر مختلف مالیاتی معاملات کا موازنہ کرنا گمراہ کن ہے۔ خودمختار مالیاتی فیصلے متعدد عوامل کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں، جن میں قیمت، مدت، بروقت اور یقینی تکمیل، انڈر رائٹنگ، مجموعی لاگت، کریڈٹ سپریڈ، مارکیٹ کی موجودہ صورتحال اور پاکستان کی درمیانی مدت کی قرضہ انتظامی حکمتِ عملی سے مطابقت شامل ہیں۔وزارتِ خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت ہمیشہ ایسے مالیاتی آپشن کا انتخاب کرتی ہے جو قیمت، مدت، بروقت تکمیل، وقت اور خطرات کے درمیان بہترین توازن فراہم کرے اور قومی قرضہ انتظامی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہو۔ بیان میں کہا گیا کہ ادارہ جاتی تقرریوں سے متعلق انتظامی معاملات کا خودمختار مالیاتی لین دین کی قانونی حیثیت یا گورننس سے کوئی تعلق نہیں۔