دوحہ، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے 1995 سے 2013 تک قطر کے امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور ان کے دورِ حکومت میں قطر نے اقتصادی، سفارتی اور عالمی سطح پر نمایاں ترقی حاصل کی۔صدرِ آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شیخ حمد بن خلیفہ کی دوراندیش قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدرِ آصف زرداری نے کہا کہ شیخ حمد نے قطر کی ترقی اور خطے میں امن کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کی قیادت اور عوام سےتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کی حکمت اور دور اندیشی نے قطر کو ایک جدید، خوش حال ملک میں تبدیل کیا ۔ شیخ حمد نے عوام کی فلاح، علاقائی امن اور ترقی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔