لاہور،گجرات، گوجرانوالہ، شیخو پورہ، سیالکوٹ ساہیوال، فیصل آباد(نیوز رپورٹر، نمائندگان جنگ/ نامہ نگاران)لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلا دھار بارش سے شدید گرمی فرار ہوگئی ،تیز بارش اور ٹھنڈی ہوائوں سے موسم خوشگوار ہوگیا اور انسانی چہروں پر بہار لوٹ آئی۔ کئی گھنٹے جاری رہنے والی بارش کے نتیجے میں بعض نشیبی علاقے زیرآب آگئے جس سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا اور لوگوں کو آے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران لیسکو کے 190فیڈرز ٹرپ کرگئے، ساتھ ہی بجلی گھنٹوں روٹھی رہی۔ حبس اور اندھیرے میں شہریوں کی چھٹی کا مزہ کرکرا ہوگیا۔فیصل آباد میں جڑانوالہ روڈ پر ڈھڈی والا کے قریب ایک زیر تعمیر کمرے کی چھت بارش کی وجہ سے گر گئی جس کے نتیجہ میں18سالہ محنت کش ولید عمر جاں بحق ہو گیا۔محکمہ موسمیات کی طرف سے آج مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مون سون کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوتے ہی مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آگئی،جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ صوبائی دارالحکومت میں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، گڑھی شاہو، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، مزنگ، سمن آباد، جیل روڈ، گلبرگ، نشتر ٹاؤن، جوہرٹاؤن سمیت مختلف مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے موسم کی شدت کو کم کردیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 20کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، اور آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب بارش کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر واسا لاہور سمیت تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میانوالی، بھلوال، کندیاں، سانگلہ ہل، جھنگ اور چناب نگر میں بھی تیز ہواؤں اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔