کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیروز آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینکوں سے بڑی رقوم لیکر نکلنے والے شہریوں کی ریکی کرنے والے مبینہ بزرگ ملزم 60سالہ محمد منگی کو گرفتار کرلیا، چار رکنی گینگ بزرگ ملزم کی جانب سے اطلاع ملتے ہی شہریوں کا تعاقب کرکے واردات انجام دیتا تھا۔ ایس ایس پی ایسٹ زبیر نظیر شیخ کے مطابق ملزم ایک منظم گینگ کا اہم رکن ہے اور بینکوں میں جا کر اپنے ساتھیوں کو ایسے افراد کی اطلاع دیتا تھا جو بڑی رقم لے کر نکلتے تھے۔ مختلف بینکوں سے رقم نکلوا کر اپنی منزل کی جانب جانے والے شہریوں کے ساتھ مسلسل وارداتوں کا شکار ہونے کی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ایک بزرگ شخص مشکوک انداز میں ریکی کر رہا ہے۔ کسی کو شک نہ ہو، اس مقصد کے لئے ملزمان کے گروہ نے بزرگ ملزم کو شامل کیا تھا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم کا چار رکنی گینگ ہے جو بزرگ ملزم کی جانب سے اطلاع ملتے ہی شہریوں کا تعاقب کرکے واردات انجام دیتا تھا۔ گینگ کی متعدد وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔ فوٹیجز میں بزرف ملزم کو مختلف بنکس کے اندر اور دیگر موٹر سائیکل سوار ملزمان کو ڈکیتی کے مقامات پر دیکھا جا سکتا ہے۔ملزم نے دوران تفتیش درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ بزرگ ملزم نے دو سال قبل ایک ڈی ایس پی کی ریکی کرکے آٹھ لاکھ روپے کی ڈکیتی کی واردات بھی اس ہی گینگ کی مدد سے کروائی تھی۔ گرفتار ملزم منگی کا مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے ۔ کریمنلز ریکارڈ کے مطابق ملزم ڈکیتی کے دوران قتل کے ایک مقدمے میں بھی ملوث رہا ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ اس کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔