اسلام آباد( جنگ نیوز)اسلام آباد میں جرمنی کے ہیڈ آف قونصلر کائے روٹزبرگر نے کہا ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران جرمنی جانے والے پاکستانی طلبہ کی تعداد میں 14فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہیڈ آف قونصلر جرمنی کا کہنا تھا کہ یہ اضافہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستانی طلبہ جرمنی میں اعلیٰ تعلیم اور بہتر پیشہ ورانہ مواقعوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کائے روٹزبرگر نے پاکستانی طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے جرمنی آنے والے طلبہ عموماً باصلاحیت، محنتی اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، پاکستانی طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو جرمنی میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ داخلوں اور ویزا کیلئے صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کی جائیں، کائے روٹزبرگر کے مطابق پاکستانی طلبہ جرمن زبان سیکھنے میں بھی خاص دلچسپی لے رہے ہیں اور بڑی تعداد میں طلبہ زبان میں مہارت حاصل کر رہے ہیں، جو نہ صرف تعلیم بلکہ جرمنی میں روزگار اور روزمرہ زندگی کے لیے بھی انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ جرمن زبان پر عبور طلبہ کے لیے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔جرمن ہیڈ آف قونصلر نے کہا کہ پاکستانی طلبہ نہ صرف اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے سنجیدہ ہوتے ہیں بلکہ وہ اپنے مستقبل کیلئے بہتر کیریئر کے مواقع بھی تلاش کرتے ہیں۔