• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرنٹ میڈیا کے مسائل، وزارت اطلاعات اور APNS نمائندوں کی مشترکہ کمیٹی بنانے کی ہدایت

کراچی (نیوز ڈیسک)پرنٹ میڈیا کے مسائل، وزارت اطلاعات اور APNS نمائندوں کی مشترکہ کمیٹی بنانے کی ہدایت، وفاقی وزیر اطلاعات نے پرنٹ میڈیا کی اشتہاری کمپین میں اخبارات کی ڈیجیٹل ویب سائٹس کو بھی شامل کرنیکی ہدایت کر دی ،اے پی این ایس کے وفد کی عطا تارڑ سے ملاقات، اخباری صنعت، حکومتی اشتہاری پالیسی اور ریگولیٹری اصلاحات سمیت اہم امور پر گفتگو ۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے ملاقات کی، جس میں اخباری صنعت، حکومتی اشتہاری پالیسی اور ریگولیٹری اصلاحات سے متعلق مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے اے پی این ایس کے مؤقف سے اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے وزارتِ اطلاعات و نشریات کے حکام کو ہدایت کی کہ وفاقی حکومت کی پرنٹ اشتہاری مہمات میں اخبارات کی ڈیجیٹل ویب سائٹس کو بھی شامل کیا جائے۔اے پی این ایس کے وفد نے اس بات کی نشاندہی کی کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے پرنٹ میڈیا کے لئے حکومتی اشتہارات کی شرح میں اضافے کا اعلان تاحال نافذ نہیں کیا گیا، حالانکہ اخباری صنعت اس وقت شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔ اے پی این ایس نے تجویز پیش کی کہ پرنٹ میڈیا کے لئے حکومتی اشتہارات کی شرح کو آڈٹ بیورو آف سرکولیشن (ABC) سے منسلک نہ رکھا جائے، اور جب تک اخبارات کے اشتہارات کے نرخ مقرر کرنے کے لئےکوئی نیا طریقہ کار وضع نہیں کیا جاتا، اس وقت تک موجودہ اشتہارات کے نرخ کو برقرار رکھا جائے۔اے پی این ایس نے مزید کہا کہ حکومتی اشتہارات کے نرخ مقرر کرنے کا اختیار، دیگر ذرائع ابلاغ کے لیے رائج پالیسی کے مطابق، کابینہ ڈویژن سے وزارتِ اطلاعات و نشریات کو منتقل کیا جانا چاہئے۔

اہم خبریں سے مزید