اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت آزاد، ذمہ دار اور مضبوط پرنٹ میڈیا پر یقین رکھتی ہے، اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو ملاقات کے لئے آئے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر کاظم خان کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل، آڈٹ بیورو آف سرکولیشنز (اے بی سی) میں اصلاحات، نیوز ایجنسیوں کے بجٹ، میڈیا ہائوسز کے واجبات اور ڈمی اخبارات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات اور سی پی این ای کے عہدیداران نے آڈٹ بیورو آف سرکولیشنز (اے پی سی) کے نظام میں اصلاحات کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔