لاہور (آصف محمود بٹ) 400کلو چاندی چوری کیس، سابق کسٹمز کلکٹر سمیت 7ملزمان گرفتار ۔400کلو چاندی سرکاری تحویل سے غائب ہوئی، سیسے کی جعلی سلیں رکھ کر واردات کا انکشاف، مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں۔ کوئٹہ سیف سٹی کیمروں، ڈیجیٹل فرانزک اور مالیاتی تحقیقات سے اہم پیش رفت۔ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ادارہ اس مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچائے گا،قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 400 کلوگرام چاندی کی مبینہ چوری، اسمگلنگ اور بدعنوانی میں ملوث ایک بین الصوبائی نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے سابق کسٹمز کلکٹر، دو پریوینٹو افسران اور چار مبینہ سہولت کاروں سمیت مجموعی طور پر 7 ملزمان کو بلوچستان، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں بیک وقت کیے گئے چھاپوں کے دوران گرفتار کر لیا، جبکہ تین دیگر ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کا آغاز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے دائر کی گئی باضابطہ شکایت پر ہوا، جس کے بعد محکمانہ انکوائری کی گئی اور پھر ایف آئی آر نمبر 39/2026 درج کی گئی۔