کراچی (نیوز ڈیسک)فضل الرحمان کے بیان پر حکومتی رہنماؤں کا شدید ردعمل ،معافی کا مطالبہ ،بیان شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی کھلی توہین ہے،عطا تارڑ، احسن اقبال ،عون چوہدری و دیگر، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق بیان پر ملک بھر میں سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے، مختلف وفاقی وزراء اور سیاسی رہنماؤں نے بیان کو غیر ذمہ دارانہ، افسوسناک اور ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بیان شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی کھلی توہین ہے، شہداء پوری قوم کا فخر اور قومی غیرت کی علامت ہیں۔ وطن پر جان قربان کرنے والوں کی عظیم قربانیوں کو کسی دنیاوی پیمانے سے نہیں تولا جا سکتا اور شہداء کے بارے میں سیاسی گفتگو کی کوئی گنجائش نہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے الفاظ نے کروڑوں پاکستانیوں کے دل دکھائے ہیں، فوجی جوان تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ وطن، قوم اور اپنے حلف کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہادت کے عظیم رتبے کو مالی معاوضے سے جوڑنا نہ انصاف ہے، نہ اخلاقی اقدار اور نہ اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ، جبکہ شہداء کی قربانیوں کو سیاست کی نذر کرنا قابلِ مذمت ہے۔