اسلام آباد (مہتاب حیدر) چھوٹے دکانداروں کے لیے ایک فیصد فکسڈ ٹیکس اسکیم کا مسودہ جاری، 20 کروڑ روپے تک ٹرن اوور والے دکاندار اہل قرار، اسکیم رضاکارانہ، باقاعدہ ریٹرن کا اختیار بھی برقرار، کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس کی ادائیگی لازمی، اہل دکانداروں کو پی او ایس اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے استثنا۔ گرین پلیٹ اور کیو آر کوڈ شناخت، عمومی آڈٹ سے بھی رعایت، ایف بی آر نے مسودے پر 7 روز میں اعتراضات و تجاویز طلب۔ کر لیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پیر کے روز چھوٹے دکانداروں کے لیے ایک خصوصی طریقہ کار کا مسودہ جاری کیا تاکہ رواں مالی سال کے دوران 30 لاکھ سے زائد ریٹیلرز (خوردہ فروشوں) کو مقررہ (فکسڈ) ٹیکس اسکیم میں لایا جا سکے۔ قانونی حکم نامہ کے مطابق چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی طریقہ کار کا یہ مسودہ، جسے فیڈرل بورڈ آف ریونیو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 99B کے تحت نافذ کرنے کی تجویز دیتا ہے، ان تمام افراد کی معلومات کے لیے شائع کیا جا رہا ہے جو اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔