کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر میں رینجرز کیمپ پر حملے میں ملوث سہولت کاروں کا نیٹ ورک بے نقاب کردیا گیا، حملے کے ماسٹر مائنڈ قاری بشیر کو رینجرز نے گرفتار کرلیا۔ تین دہشتگردوں کا تعلق افغانستان ،ایک کا باجوڑ سے تھا، ہدایات افغانستان سےمل رہی تھیں۔ مجموعی طور پر 13لوگ ملوث تھے۔وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے آئی جی سندھ جاوید عالم، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک، ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 27جون کو سندھ رینجرز کی کراچی ٹرانسپورٹ کمپنی پر چار دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس میں تین دہشتگردوں کا تعلق افغانستان جبکہ ایک کا باجوڑ سے تھا جو 20برس افغانستان میں رہا۔