کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ریلیف کمشنر و ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غور یزئی نے گڈانی بیچ پر سرچ اینڈ ریکوری آپریشن کی کامیاب تکمیل پر ضلعی انتظامیہ حب، پاک بحریہ، پاک فوج، مقامی لائف گارڈز اور دیگر ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بروقت کارروائی اور انتھک خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 17 جولائی کو گڈانی بیچ پر سیر و تفریح کی غرض سے آنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ بچے سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے تھے۔ اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ حب نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس کے دوران مقامی لائف گارڈز اور اسپیڈ بوٹ ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چار بچوں کو بحفاظت سمندر سے نکال لیا، جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔پانچویں بچے کی تلاش کے لیے جامع سرچ اینڈ ریکوری آپریشن اسسٹنٹ کمشنر وندر، پاک فوج اور پاک بحریہ کے نمائندوں کی نگرانی میں جاری رکھا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ حب، پاک بحریہ، پاک فوج، مقامی لائف گارڈز اور دیگر امدادی ٹیموں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان کے مطابق 18 جولائی کو شام تقریبا 5:30 بجے لاپتا بچے کی لاش گڈانی کے سمندری پانی سے برآمد کر لی گئی، جس کے بعد سرچ اینڈ ریکوری آپریشن کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔آپریشن کے دوران صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) پی ڈی ایم اے بلوچستان مسلسل ضلعی انتظامیہ حب سے رابطے میں رہا اور ضرورت پڑنے پر اضافی وسائل اور معاونت فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہا۔اس موقع پر ریلیف کمشنر و ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غوریزئی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ حب اور پاک بحریہ نے سرچ اینڈ ریکوری آپریشن کے دوران جس پیشہ ورانہ مہارت، بروقت ردِعمل اور جذب خدمت کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔انہوں نے تمام افسران، اہلکاروں، لائف گارڈز اور ریسکیو ٹیموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ساحلی علاقوں کی سیر کے دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، بچوں کو ہرگز تنہا نہ چھوڑیں اور ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔