پشاور (کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقے پھندو میں بائیکیا رائیڈر مبینہ طور پر رہزنوں کے ہاتھوں قتل ہونے کاشبہ ظاہر کر دیا گیا ہے ،غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والا بائیکیا رائیڈر شہریوں کو سروس دینے موٹرسائیکل پر نکلاتھا تاہم راستے میں مبینہ رہزن کے ہتھے چڑھ گیاجسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا اور بتایاکہ تفتیش کے دوران معلوم ہوسکے گا کہ اسے ذاتی عناد یا پھر کسی اور وجہ سے تو قتل نہیں کیا گیا ۔ تھانہ پھندو پولیس کے مطابق قتل ہونے والے شہری کی شناخت ہدایت اللہ ہاشمی سے ہوئی ہے جو یکہ توت کا رہائشی تھا۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول کیساتھ سواری کے طور پرنامعلوم شخص سوار ہوا اور بعد میں تھانہ پھندوکی حدود گجرآباد میں اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگیا، پولیس کاکہناہے کہ نامعلوم ملزم مقتول کا بائیک چھوڑ کر فرار ہوا ہے اور اس ضمن میں مقتول کے موبائل ڈیٹا، سی سی ٹی کیمروں کی فوٹیج ودیگر شواہد پر تفتیش جاری ہے۔