پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ریلیف بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے ضلع چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں نو تعمیر شدہ ریسکیو 1122 سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر برائے معدنیات عارف احمد زئی اور ممبر قومی اسمبلی ملک انور تاج بھی ان کے ہمراہ تھے۔ تقریب میں ریسکیو 1122 کے حکام، ضلعی انتظامیہ کے افسران، مقامی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر عاقب اللہ خان نے کہا کہ ریسکیو 1122 صوبے کا ایک مایہ ناز ادارہ ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ شبقدر میں نئے سنٹر کا قیام اس عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ حکومت صوبے کے دور دراز علاقوں تک ہنگامی طبی و امدادی خدمات کی بروقت رسائی یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شبقدر ریسکیو سنٹر کے فعال ہونے سے مقامی آبادی کو حادثات اور دیگر ہنگامی حالات میں فوری ریلیف ملے گا، جس سے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ صوبائی وزیر معدنیات عارف احمد زئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ھدایات پر صوبائی کابینہ اراکین مختلف اضلاع کے دورے کر رہے ہیں تاکہ مسائل سے آگاہی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا قریب سے جائزہ لیں سکے۔