پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا کے معروف سیاحتی مقام ناران کے علاقے کاغان ویلی بوڑاوائی میں قائم ایک غیر قانونی پٹرول و ڈیزل ڈیپو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق غیر قانونی ڈیپو میں موجود پٹرول اور ڈیزل نے آگ پکڑ لی، جبکہ قریب موجود سیاحوں کی ایک کوسٹر بھی آگ کی زد میں آ گئی۔ انتظامیہ کے مطابق ڈیپو کے قریب واقع ہوٹل سے سیاحوں کو بحفاظت نکالا جا رہا ہے جبکہ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر ٹینڈرز روانہ کر دیے گئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق مذکورہ پٹرول و ڈیزل پوائنٹ کی قانونی حیثیت سے متعلق مزید معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں، جبکہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی صوبائی وزیر سیاحت نے ناران کا دو روزہ دورہ مکمل کیا تھا، جس کے اگلے روز یہ واقعہ پیش آیا۔