اسلام آباد ( نماندہ خصوصی) سیہالہ-اٹک ریفائنری پائپ لائن سے تیل چوری کی بڑی کوشش ناکام، رات گئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بڑا چھاپہ؛ ہائی اسپیڈ ڈیزل چوری کرنے والا گروہ گرفتار۔ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے مانیٹرنگ سسٹم کی جانب سے سیہالہ -اٹک ریفائنری لمیٹڈ پائپ لائن میں اچانک پریشر کی کمی کا پتہ لگانے کے بعد، رات گئے کی جانے والی ایک کارروائی میں پاکستان کی ایک اہم پیٹرولیم سپلائی لائن کو نشانہ بنانے والے مبینہ منظم ایندھن چوری کے نیٹ ورک کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ 15 اور 16 جولائی کی درمیانی شب قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ کی جانے والی اس مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں ان مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جنہیں مبینہ طور پر کہوٹہ روڈ کے ساتھ موجود پائپ لائن سے غیر قانونی طور پر ہائی اسپیڈ ڈیزل چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ پی ایس او کے مطابق، رات 11:45 پر اس وقت خطرے کی گھنٹی بجی جب پائپ لائن کے پریشر میں اچانک ہونے والے اتار چڑھاؤ نے ممکنہ غیر قانونی سرگرمی کی نشاندہی کی۔ ایک مشتبہ جگہ کی پہلے سے حاصل کردہ خفیہ معلومات اور نگرانی کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے، پی ایس او نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ کیا، جنہوں نے کچھ ہی دیر بعد وہاں چھاپہ مارا۔ رات تقریباً 2:15 بجے، سیکورٹی اہلکاروں نے مشتبہ افراد کو اس وقت دھر لیا جب وہ مبینہ طور پر پائپ لائن سے ایندھن نکال رہے تھے۔