میرپورخاص (این این آئی) میرپورخاص میں نجی اسپتال میں پتے کے آپریشن کے بعد خاتون جاں بحق، ورثا کا ڈاکٹر کے خلاف احتجاج، کارروائی کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں نجی اسپتال میں پتے کے آپریشن کے بعد حالت تشویشناک ہونے پر انتقال کر جانے والی دریا خاتون کے ورثا نے ڈاکٹر کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، ورثا حاجی شمس الدین پنھور، عبدالرزاق پنھور، حارث پنھور اور شاہد پنھور نے مطالبہ کیا کہ مبینہ غفلت کے مرتکب ڈاکٹر کے خلاف فوری مقدمہ درج کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ 11 جولائی کو میرپورخاص کے ایک نجی اسپتال میں دریا خاتون کے پتے کا آپریشن کیا گیا، تاہم آپریشن کے بعد ان کی حالت مسلسل بگڑتی چلی گئی، انہیں پہلے حیدرآباد کے ایک پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ پانچ روز زیر علاج رہیں، بعد ازاں کراچی کے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ تقریبا دس روز تک وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد انتقال کر گئیں، ورثا کا الزام ہے کہ آپریشن کے دوران ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث آنت میں کٹ لگ گیا، جس کے نتیجے میں انفیکشن پھیلنے سے خاتون کی موت واقع ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس میڈیکل رپورٹس، ٹیسٹ اور دیگر شواہد موجود ہیں، جن کی بنیاد پر واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔