• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نورین نیازی کا منفی بیان کسی صورت قابل قبول نہیں، وزیر مملکت خزانہ

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی بہن نورین نیازی کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "شرمناک" اور "ریاست مخالف" قرار دیا ہے، گزشتہ سال "معرکۂ حق" میں پاکستان کی کامیابی سے متعلق نورین نیازی کا منفی بیان کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ایسے بیانات پاکستان کے دفاع، سفارت کاری اور معیشت کو سیاسی مقاصد کے لئے نقصان پہنچانے والی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔اتوار کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی پاکستانی ایسا بیان دے سکتا ہےاور اگر یہ ریاست مخالف نہیں تو پھر کیا ہے؟وزیر مملکت نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے پی ٹی آئی کی قیادت مسلسل ایسے اقدامات کرتی آئی ہے جن سے قومی مفادات کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعات،سائفر کو سفارتی تعلقات متاثر کرنے کے لیے استعمال کرنے اور آئی ایم ایف کو خطوط لکھ کر پاکستان کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلنے کی مبینہ کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب اسی سوچ کا تسلسل ہے۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ایسی باتیں ان پاک فضائیہ کے بہادر پائلٹس اور افواجِ پاکستان کے جوانوں کی قربانیوں کی توہین ہیں جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع جہلم سے تعلق رکھتے ہیں جہاں شہداء کی قربانیوں پر فخر کیا جاتا ہےاور ایسے بیانات شہداء کے اہلِ خانہ کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نورین نیازی کی جانب سے اب تک اپنے بیان کی نہ تو وضاحت کی گئی اور نہ ہی اسے واپس لیا گیاجس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔وزیر مملکت نے بتایا کہ اس معاملے پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اور قومی سلامتی کے خلاف ایسے بیانیےکسی بھی معاشرے میں قابل قبول نہیں۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان نے "معرکۂ حق" میں بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر کامیابی حاصل کی تاہم افسوس کہ بعض عناصر اس کامیابی کو قبول نہیں کر سکے۔ انہوں نےکہا کہ مسلح افواج کے خلاف نفرت پر مبنی بیانات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور اس حوالے سے قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔
ملک بھر سے سے مزید