• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کیخلاف پوسٹس پر دہلی پولیس کا کریک ڈاؤن، متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو نوٹس جاری

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

دہلی پولیس نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف توہین آمیز و نازیبا پوسٹس شیئر کرنے پر متعدد نیوز پورٹلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو نوٹس جاری کر دیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی ہدایت کی ہے کہ احتجاج کے دوران شیئر کی گئی ایسی پوسٹس، ویڈیوز اور تبصرے فوری طور پر ہٹائے جائیں جن میں مودی کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی ہو۔ 

بھارتی حکام کے مطابق کئی متنازع پوسٹس پہلے ہی حذف کروائی جا چکی ہیں جبکہ نگرانی کا عمل مسلسل جاری ہے۔

دہلی پولیس کے مطابق اس کی سائبر اور سوشل میڈیا ٹیمیں احتجاج سے متعلق آن لائن سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مواد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی 20 جولائی کو ہونے والے ’چلو سنسد‘ مارچ کے بعد کی جا رہی ہے جس میں نیٹ اور سی بی ایس ای امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں۔

دہلی پولیس کے مطابق مظاہروں میں 130 پولیس اہلکار اور 65 طلبہ زخمی ہوئے تھے جبکہ تشدد کے سلسلے میں 15 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جنتر منتر اور اطراف میں روزانہ تقریباً 10,000 افراد جمع ہو رہے ہیں جہاں 3,000 سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ چہرہ شناخت کرنے والے نظام کے ذریعے احتجاجی مقام پر آنے والے افراد کی نگرانی کی جا رہی ہے اور اب تک 2,000 سے زائد جرائم پیشہ ریکارڈ رکھنے والے افراد کی شناخت کی جا چکی ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں، خصوصاً کانگریس نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں احتجاج کے دوران طلبہ کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مبینہ ’ضرورت سے زیادہ طاقت‘ کے استعمال پر فوری بحث کا مطالبہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید