برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے باہر جانے والے جہاز کو میزائل لگا ہے۔
یو کے ایم ٹی او کے مطابق نامعلوم پروجیکٹائل لگنے سے جہاز کے انجن اور عملے کو نقصان پہنچا ہے، جہاز کے عملے کو عمانی کوسٹ گارڈ مدد فراہم کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے ابتدائی طور پر مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں کہ یہ میزائل حملہ کس کی جانب سے کیا گیا۔
شپنگ ڈیٹا کے مطابق آبنائے ہرمز میں جہاز رانی بدستور سست روی کا شکار ہے۔
گزشتہ روز 6 کمرشل مال بردار جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے جبکہ کوئی ایل این جی ٹینکر آبنائے ہرمز سے نہیں گزرا۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ ٹرمپ آبنائے ہرمز پر نہ ختم ہونے والے بے بنیاد دعوؤں کے بجائے اپنی سلامتی پر توجہ دیں۔
تہران سے جاری کیے گئے بیان میں ابراہیم عزیزی نے کہا کہ ٹرمپ اپنی سلامتی یقینی بنانے کے بارے میں سوچیں تاکہ انہیں فرار کے لیے کسی ٹرک میں نہ چُھپنا پڑے۔