اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) حکومت اور پیپلز پارٹی کے اپوزیشن سے رابطے، اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی رہنمائوں کو چیمبر میں مدعو کرلیا جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی، بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی سے قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کی درخواست کی، جس پر پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کا فیصلہ عمران خان کی مشاورت سے ہوگا، بلاول بھٹو نے کہا حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہیں تبصرہ نہیں کرونگا، دال میں کچھ کالا ہے، تحفظات دور نہ ہوئے تو حکومت سے تعاون نہیں کرینگے، نئے صوبوں پرعوام کا فیصلہ قبول کرینگے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا عمران خان کوئی ڈیل نہیں کررہے، میری درخواست ہے عمران خان کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے آرڈر پرعملدرآمد ہونے دیا جائے، اسد عمر نے کہا دعا ہے کہ یہ سیاسی عمل کسی مثبت پیشرفت کا باعث بنے،اسد قیصر نے کہا کہ اسپیکر سے عمران خان کی صحت اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر گفتگو ہوئی، دوسری جانب بیرسٹر سیف کی عمران سے اڈیالہ میں ملاقات کی جس میں انہوں نے پی ٹی آئی اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی اور بانی کی صحت سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں نیشنل اسمبلی کے قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔ملاقات میں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکرٹری جنرل اسد قیصر، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین مصطفی نواز کھوکھر، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر موجود تھے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کیساتھ راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن موجود تھے۔ اس موقع پر پارلیمانی امور اور ملکی سیاست پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلزپارٹی اور قائدین حزب اختلاف نے پارلیمان میں قانون سازی کے حوالے سے رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان میں حزب اختلاف کے قائدین سے کہا کہ آپ انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات کے سلسلے میں پارلیمان میں اپنا کردار ادا کریں۔