اسلام آباد(مہتاب حیدر) آئی ایم ایف کا جائزہ مشن آئندہ ماہ ستمبر 2026میں پاکستان کا دورہ کرے گا اور 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (EFF) کے تحت چوتھے جائزے کا عمل مکمل کرے گا۔جائزہ مشن خودمختار دولت فنڈ (Sovereign Wealth Fund-SWF) سے متعلق مجوزہ قانون سازی کا بھی جائزہ لے گا۔حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے پاکستان سویرن ویلتھ فنڈ (ترمیمی) بل 2026 سینیٹ میں پیش کیا ہے، جس کے ذریعے فنڈ کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی اور مالیاتی تحفظات کو مزید مضبوط بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔وزارتِ خزانہ کے ایک اعلیٰ حکام نے جمعرات کو دی نیوز کو بتایا کہ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن ستمبر 2026 میں پاکستان آنے کی توقع ہے، تاہم دورے کی حتمی تاریخیں ابھی طے نہیں ہوئیں۔