اسلام آباد (زبیر قصوری) کراچی میں پاکستان ریلوے کے اہم شعبے میں تعینات ایک سینئر خاتون افسر نے ایک اعلیٰ افسر کے خلاف مبینہ ہراسانی، اختیارات کے ناجائز استعمال، ذاتی تعلق کے لیے دباؤ اور سالانہ خفیہ رپورٹ متاثر کرنے کی دھمکیوں کے الزامات عائد کیے ہیں، جس پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے مطابق باقاعدہ سرکاری انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ جنگ کو ملنے والی تحریری شکایت اور متعلقہ ریکارڈ کے مطابق خاتون افسر نے وفاقی وزیر ریلوے کو معاملے کی تحقیقات کے لیے باقاعدہ درخواست دی ہے، ۔ دوسری جانب جب متعلقہ افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ خاتون افسر ان کے ماتحت سرکاری فرائض انجام دیتی رہی ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے متعلقہ افسر سے بھی بات کی ہے اور معاملے کی باقاعدہ سرکاری انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔