اسلام آباد ( خالد مصطفیٰ) آبنائے ہرمز پر تعطل میں شدت آنے کے باعث خلیج سے خام تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں منگل کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ خلیج سے منسلک اہم خام تیل کے معیار مربان کی قیمت 105 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی، جس سے پاکستان سمیت تیل درآمد کرنے والی معیشتوں کو مہنگائی کے ایک نئے جھٹکے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ منگل کو دستیاب مارکیٹ ڈیٹا کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 3.87 فیصد اضافے سے 93.99 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 4.37 فیصد بڑھ کر 89.51 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ خلیج کے اہم بینچ مارک مربان خام تیل کی قیمت میں سب سے زیادہ 7.14 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 105.48 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ ڈبلیو ٹی آئی مڈلینڈ کی قیمت 4.82 فیصد اضافے سے 91.09 ڈالر، جبکہ ڈی ایم ای عمان کی قیمت 4.29 فیصد بڑھ کر 94.31 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اوپیک باسکٹ کی قیمت بھی 2.67 فیصد اضافے کے بعد 91.98 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ ریفائن شدہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی نمایاں ہوا۔