لاہور ( آصف محمود بٹ)پنجاب ، کے پی کے میں ایف آئی اے اعلیٰ افسران کے تبادلے، اہم عہدے اضافی چارج پر۔ کوہاٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کا حکم، 3 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو اہم عہدوں کا اضافی چارج دے دیا گیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں اپنے فیلڈ آپریشنز کے اہم عہدوں پر تعینات سینئر تحقیقاتی افسران میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے کوہاٹ زون کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا جبکہ 3 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو مختلف اہم ڈپٹی ڈائریکٹرز کے عہدوں کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔ نئے انتظام کے تحت کوہاٹ زون کے کوہاٹ، بنوں اور اینٹی منی لانڈرنگ سرکل جبکہ ملتان زون کے ڈیرہ غازی خان کمپوزٹ سرکل کی نگرانی کے نظام میں تبدیلی کی گئی ہے۔ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر (انویسٹی گیشن) رضوان اسلم، جو ایف آئی اے کوہاٹ زون کے کمپوزٹ سرکل کوہاٹ میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے، کو تبدیل کرکے ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔