• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسٹیل ملز کو آڈٹ رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد (اسرار خان) سینیٹ کی ایک ذیلی کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مالی سال 2025-26 کی زیر التوا آڈٹ رپورٹ ایک ہفتے کے اندر پیش کرے اور سیکورٹی سخت کرے۔ یہ اقدام صنعتی کمپلیکس سے 36ٹن سامان چوری ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ خسارے میں چلنے والے اس صنعتی کمپلیکس کا رقبہ تقریباً 1 ہزار ایکڑ ہے اور اس کا کچھ حصہ اب بھی بغیر چار دیواری یا حفاظتی باڑ کے ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کی ذیلی کمیٹی نے غیر فعال اسٹیل ملز کی انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ چوری میں ملوث ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں ملز کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا جائے۔ ارکانِ پارلیمنٹ نے سیکورٹی کے ناقص انتظامات، چوری شدہ سامان کی تاحال عدم وصولی اور عملے کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ 36 ٹن سامان کی چوری کے معاملے میں پولیس نے چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔ مختلف چوری کے مقدمات میں انتظامی اور فوجداری کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ کئی مقدمات میں چوری شدہ سامان کی برآمدگی بھی کی جا چکی ہے۔

اہم خبریں سے مزید