کراچی (نیوز ڈیسک) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی سندھ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جاوید مہر شمسی کی زیر صدارت ہوا۔— اراکین نے پی آئی ڈی کی طرف سے سندھ کے اخبارات کو نظر انداز کرنے اور بروقت ادائیگی میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے اخبارات بقاء کے مسائل سے دوچار ہو گئے ہیں۔ اراکین نے مطالبہ کیا کہ پی آئی ڈی کے جاری کردہ اشتہارات کی جلد ادائیگی ممکن بنائی جائے۔ اجلاس میں اراکین نے اخبارات کے دیرینہ مسائل پر محکمہ اطلاعات سندھ کی عدم توجہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے اخبارات و جرائد کو اشتہارات کا اجراء طے شدہ حجم کے برعکس کم ترین سطح پر آگیا ہے جبکہ اشتہارات کے اجراء میں اے پی این ایس رکن مطبوعات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا کیلئے اشتہارات کا حجم بڑھایا جائے تاکہ وہ اپنی اشاعت برقرار رکھ سکیں۔ کمیٹی کے اراکین نے نان بجٹڈ اشتہارات کی ادائیگی کے نظام کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پرانا نظام بحال کیا جائے اور حسبِ سابق ان اشتہارات کی ادائیگی ماہانہ بنیاد پر محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے کی جائے۔ اجلاس نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر سے پرنٹ میڈیا شدید بحران کا شکار ہے۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ واجبات کی ادائیگی جلد از جلد کی جائے۔ اجلاس میں جاوید مہر شمسی چیئرمین، یونس مہر نائب چیئرمین، ڈاکٹر جبار خٹک، ممتاز علی پھلپوٹو، علی بن یونس ، شبیر حسین ، سید اکبر طاہر، حسینہ جتوئی، رفیق احمد پیرزادہ، ناصر داد بلوچ ، امتیاز اختر قاضی اور شاہد سائی نے جبکہ زاہدہ عباسی اور بلال فاروقی نے بذریعہ زوم شرکت کی ۔