• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کوسازگار ماحول کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے،ربابہ بلیدی

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین کو محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول کی فراہمی حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آئی جی پولیس (جینڈر) اسرار احمد عمرانی نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں خواتین کے تحفظ، حقوق کے فروغ، صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام اور خواتین کے لیے موثر قانونی و ادارہ جاتی معاونت کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران خواتین کو درپیش مسائل، پولیس کے نظام میں جینڈر حساسیت کے فروغ اور خواتین سے متعلق شکایات کے موثر اور فوری ازالے کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کو محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول کی فراہمی حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد، ہراسانی اور دیگر صنفی جرائم کی روک تھام کے لیے قانون کے موثر نفاذ کے ساتھ ساتھ پولیس اور متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے مسائل سے متعلق اداروں کو محض ردعمل تک محدود رکھنے کے بجائے ایک فعال، حساس اور متاثرہ خواتین کی ضروریات کو سمجھنے والے نظام کی طرف بڑھنا ہوگا۔ ملاقات میں خواتین کے تحفظ سے متعلق مختلف اقدامات، آگاہی پروگرامز، ادارہ جاتی روابط اور مستقبل کے مشترکہ لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کوئٹہ سے مزید