کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ،ایوان میں جمعہ کو اپوزیشن کی جانب سے شور شرابہ نعرے بازی اورہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی ،اس دوران اپوزیشن کی جانب سےسندھو دیش نا منظور، کے نعرے بھی لگائے گئے۔ جس کی وجہ سے مختصر کارروائی کے بعد اسپیکر نے اجلاس پیر کی دوپہر تک ملتوی کردیا۔ اسپیکر نے کہا جو کچھ ہونا تھا وہ کل ہو گیا، آج آپ کیا کریں گے۔ایوان میں نظم و ضبط رکھا جائے ۔ اپوزیشن ارکان نے اسپیکر کی اس ہدایت پر کوئی دھیان نہیں دیا اور ایوان میں شور شرابے کا سلسلہ جاری رکھا، نعرے بازی اور شور کے دوران کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی تھی ۔تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو اسپیکر سید اویس قادر شاہ کی زیر صدارت ڈھائی بجے کے مقررہ وقت کی بجائے خاصی تاخیر سے شروع ہوا۔ایوان کی کارروائی کے آغاز ہی میں ایم کیو ایم کے ارکان نے "سندھو دیش نا منظور" کے نعرے لگانے شروع کردیئے۔