کراچی، جیکب آباد، اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ، ایجنسیاں) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ملک میں 15نئے صوبوں کی تجویز دیدی جتنی آبادی ہے بدین سے گھوٹکی تک سندھ کو کراچی اور رحیم یارخان سے اٹک تک پنجاب کو لاہورسے نہیں چلایا جاسکتا، وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سیاسی حیثیت ختم ہوچکی، بقا کیلئے صوبوں کا معاملہ سندھ اسمبلی میں اٹھایا ہے، موجودہ نظام مفلوج ہو گیا، مربوط بلدیاتی نظام یا انتظامی یونٹس کے بغیر ملکی نظام نہیں چل سکتا، جبکہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے ہے کہ 15صوبے بنانے کی تجویز غلط ہے، دو صوبے جل رہے ہیں حکومت نئے صوبوں کی بات کر رہی ہے، اس سے مسائل بڑھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بدین سے گھوٹکی تک جتنی بڑی آبادی ہے، پورا صوبہ کراچی سے نہیں چلایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان سے اٹک تک کے پنجاب کو لاہور سے نہیں چلایا جاسکتا۔ اسی طرح ڈی آئی خان سے چترال تک کے خیبر پختونخوا کو پشاور سے نہیں چلاسکتے۔ وزیر دفاع اور خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سیاسی حیثیت ختم ہو گئی جو اپنی بقا کیلئے صوبوں کا معاملہ سندھ اسمبلی میں اٹھایا۔