• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی بھرتیوں میں مداخلت کیخلاف بلوچستان بارکونسل کا عدالتوں کے بائیکاٹ کااعلان

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان بار کونسل نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور متعلقہ افسران کو بھرتیوں کے حوالے سے جاری مبینہ وائس میسج پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے عدالتی انتظامیہ میں غیر ضروری مداخلت اور شفاف بھرتی کے عمل پر سنگین سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔بلوچستان بار کونسل کے ایک بیان میں کہاگیاہےکہ بلوچستان ہائی کورٹ کے رجسٹرار کے اس اقدام پر وکلا برادری کو شدید تشویش ہے۔ مذکورہ مراسلے میں مبینہ طور پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو بھرتیوں کے معاملے میں امیدواروں کے ٹیسٹ پیپرز، زبانی ٹیسٹ اور دیگر ریکارڈ ہائی کورٹ انتظامیہ کو پیش کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جو متعلقہ سلیکشن کمیٹیوں کے قانونی اختیارات اور بلوچستان جوڈیشری اسٹاف سروس رولز 2021 کے رولز 9 اور 10 کے حوالے سے سنگین تحفظات پیدا کرتی ہیں ۔ہائی کورٹ کے ایک ذمہ دار عہدیدار کی جانب سے مذکورہ اقدام بلوچستان بار کونسل کے ان خدشات کو مزید تقویت دیتا ہے اور پورے بھرتی کے عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ 7 ستمبر بروز پیر کو صوبہ بھر میں تمام عدالتوں کے خلاف بطور احتجاج عدالتی بائیکاٹ کیا جائیگا۔بلوچستان بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ میرٹ، شفافیت، قانون کی بالادستی اور عدالتی اداروں کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر بھرتیوں کے عمل میں پائی جانے والی مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے فوری طور پر شفاف تحقیقات نہ کی گئیں تو بلوچستان بار کونسل مزید احتجاجی اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
کوئٹہ سے مزید