• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین جونیئر ٹینس چیمپئن شپ، KPکے چار کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبرپختونخوا کے چار جونیئر ٹینس کھلاڑی ایشین جونیئر ٹینس چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے مطابق فیضان آفریدی، ریان عمر، سالار خان اور دانیال خان کو قومی ٹیم کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ایشین جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 28 ستمبر سےچار اکتوبر تک لاہور میں کھیلی جائے گی، جس میں ایشیا کے مختلف ممالک کے نوجوان کھلاڑی شرکت کریں گے۔خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن نے چاروں کھلاڑیوں کی شرکت کو صوبے میں جونیئر ٹینس کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عمر ایاز خلیل نے کھلاڑیوں کی معاونت کرنے والے تمام افراد اور اداروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون خیبرپختونخوا کے نوجوان ٹینس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر ان کے لئے مزید مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن نے قومی ٹیم میں منتخب کھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ایشین سطح پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستان اور خیبرپختونخوا کا نام روشن کریں گے۔
پشاور سے مزید