• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یومِ دفاع کے سلسلے میں سوئمنگ گالا 14 ستمبر کو پشاور میں ہوگا

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ریجنل سپورٹس آفس پشاور اور خیبرپختونخوا سوئمنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے یومِ دفاع پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے 14 ستمبر کو عادل خان سوئمنگ پول پشاور میں سوئمنگ گالا منعقد کیا جائے گا۔ سوئمنگ گالا میں پشاور، مردان اور کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے مختلف عمر کے تیراک شرکت کریں گے ، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اشفاق احمد خان مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور احمد زمان کھٹانہ کے مطابق پہلی بار یومِ دفاع کے حوالے سے سوئمنگ گالا کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے کے نوجوان تیراکوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گالا میں زیادہ سے زیادہ تیراک شرکت کریں گے۔خیبرپختونخوا سوئمنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اور ریجنل سپورٹس آفس پشاور کی جانب سے سوئمنگ کے فروغ کے لیے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلوں سے نوجوان تیراکوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر خیبرپختونخوا سوئمنگ ایسوسی ایشن کیپٹن (ر) خالد محمود کی قیادت میں ایسوسی ایشن صوبے میں سوئمنگ کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔سوئمنگ گالا کی آرگنائزنگ کمیٹی، جس میں مبین احمد خلیل، ارشد خان اورکزئی، گل بادشاہ اور شاہ ریاض بخاری شامل ہیں، مختلف عمر کے گروپس اور مقابلوں کی کیٹگریز کا تعین کرے گی۔
پشاور سے مزید