• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبہ سے واجبات کی وصولی اور ڈگری روکنے کے خلاف رٹ ، یونیورسٹی سےجواب طلب

پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اسکالرشپ پر تعلیم مکمل کرنے والی شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور کی سابق طالبہ سے ایک لاکھ 30ہزار روپے کے واجبات کی وصولی اور ڈگری سمیت دیگر تعلیمی اسناد روکنے کے خلاف دائر رٹ پر یونیورسٹی سمیت متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ رٹ پٹیشن کی سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ وکلاء کی ہڑتال کے باعث درخواست گزار رقیہ یوسف کے والد ڈاکٹر یوسف علی عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری سے 2025ء میں ڈگری مکمل کی جبکہ پوری تعلیمی مدت کے دوران اس کی ٹیوشن فیس اور منظور شدہ تعلیمی اخراجات ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ضرورت کی بنیاد پر اسکالرشپ پروگرام کے تحت ادا کیے گئے تا ہم اسکالرشپ کے باوجود یونیورسٹی نے چار سمسٹرز کے نام پر تقریباً ایک لاکھ 30ہزار روپے کے بقایاجات ان سے وصول کئے اور رقم کی ادائیگی کے باوجود ڈگری، ٹرانسکرپٹ، پروویژنل سرٹیفکیٹ سمیت دیگر تعلیمی دستاویزات روک دی ہیں۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
پشاور سے مزید