پشاور (کرائم رپورٹر) خیبر پختونخوا پولیس میں ایٹا امتحانات کے ذریعے منتخب ہونے والے 38 کمپیوٹر آپریٹرز کی تقرری کردی گئی ، اس ضمن میں سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ تقریب میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواذوالفقار حمید نے امیدواروں میں تقررنامے تقسیم کیے ۔تقرری پانے والے کمپیوٹر آپریٹرز میں نعمان خان، عامر عباس، خلیفہ، ساجد اقبال، ممتاز احمد، رومان عزیز، عدنان شاہ، محمد عمر، آصف علی شاہ ودیگر شامل ہیں ۔تقریب سے خطاب میں آئی جی پولیس نے کہاکہ پولیس میں تقرری میرٹ، قابلیت اور شفاف طریقہ کار کے تحت کی جا رہی ہے ، ایٹا کے ذریعے منتخب نوجوان اپنی قابلیت اور اہلیت ثابت کرکے پولیس فورس کا حصہ بنے ہیںجن پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔خیبرپختونخوا پولیس میں صلاحیت رکھنے والے ہر فرد کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے گا۔ ہمارا مقصد ایسی مضبوط، جدید اور پروفیشنل پولیس فورس تشکیل دینا ہے ۔