• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، غیرت کے نام پر لڑکا مارا گیا، ملزم نے جواں سالہ بیٹی بھی قتل کر دی

پشاور (کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقے مچنی گیٹ میں ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر لڑکی سے تعلق کے شبے میں 19سالہ لڑکے کوقتل کرنے کے بعد اپنی بیٹی کو بھی فائرنگ کرکے قتل کر دیا، پشاور میں حالیہ دنوں میں غیرت کے نام پر خواتین سمیت مردوں کو بھی نشانہ بنایاگیا ہے اور ایسے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔ گزشتہ روز تھانہ ریگی کو رپورٹ درج کراتے ہوئے مسماۃ (ن) زوجہ عصمت خان ساکنہ ریگی افتیزئی نے بتایاکہ وہ گزشتہ روزگھر میں اہل خانہ کے ہمراہ موجود تھی اس دوران شوہر عصمت خان پستول سمیت آیا اور اپنی 18سالہ بیٹی کو کمرے میں لے جا کر پستول سے فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئی۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہو گیا تھا۔ ریگی پولیس کاکہناہے کہ وجہ عناد غیرت کے نام پر قتل ہے کیونکہ ایک روزقبل مچنی گیٹ پولیس کو واحد گل سکنہ محلہ یوسفزئی ریگی نے رپورٹ کی اس کا بیٹا فہد منگل کی رات گھر سے غائب ہوا تھا۔ بعد میں لکڑئی نہر کے قریب مرغزٹائون کے اراضیات میں اس کی قتل شدہ نعش ملی۔ فہد کا ایک لڑکی کے ساتھ مبینہ تعلق تھا جسے لڑکی کے رشتہ داروں نے قتل کیا ہے۔ انہوں نے قتل کی دعویداری ملزمان عصمت، عمیر و دیگر 3افراد پر کی اور بتایا کہ ملزم اس کے بیٹے کو قتل کرنے کے در پر تھے۔ بیٹے پر پہلے بھی حملے کیے اور مارا پیٹا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی الگ الگ ایف آئی آرز غیرت کے نام پر قتل کے تحت درج کرلی گئی ہیں اور ملزموں کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی ہے۔
پشاور سے مزید