پشاور (جنگ نیوز) فرنئیر فاؤنڈیشن کا اجلاس زیر صدارت صاحبزادہ محمد حلیم منعقد ہوا جس میں افراط زر اور بدلتی معیشت کے تناظر میں ادارہ کے مالی حالات کا جائزہ لیا گیا، ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان نے شرکاء اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں عدم استحکام کے باعث ادارہ کے مالی اخراجات اور مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، تھیلی سیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کو بلامعاوضہ علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ادارہ کے سالانہ اخراجات 10 کروڑ سے زائد سے تجاوز کر گئے ہیں، صاحبزادہ محمد حلیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فنڈ ریزنگ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں سماجی خدمت میں مصروف اداروں کو اس طرح سپورٹ نہیں کیا جاتا جس طرح لاہور، کراچی یا دیگر بڑے شہروں کے عوام میں رجحان پایا جاتا ہے، ادارہ محدود وسائل میں تھیلی سیمیا فری معاشرے کے قیام کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے، عوام کے تعاون سے ہی ہم ان کاوشوں میں کامیاب ہو سکتے ہیں بصورت دیگر امراض خون میں مبتلا بچے متاثر ہو سکتے ہیں۔