پشاور (نیوز ڈیسک) پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) میں ڈرائیوروں اور نائب قاصدوں کی بھرتیوں میں مبینہ بےضابطگیوں اور میرٹ نظر انداز کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوری 2023میں ڈرائیوروں کی آسامیوں کا اشتہار جاری کیا گیا، تاہم بھرتی کا عمل طویل عرصے تک مکمل نہ ہونے کے بعد جولائی 2024میں ڈرائیور کی مطلوبہ تعلیمی قابلیت میٹرک سے کم کرکے مڈل کردی گئی، جس سے متعدد اہل امیدوار متاثر ہوئے۔درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اشتہار میں صرف 2ڈرائیوروں اور 7 نائب قاصدوں کی آسامیوں کا اعلان کیا گیا تھا، جبکہ بعد ازاں 5ڈرائیوروں اور 14نائب قاصدوں کو بھرتی کیا گیا۔ بعض منتخب امیدواروں کی تعلیمی قابلیت، عمر، ڈرائیونگ لائسنس اور درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔