پشاور (کرائم رپورٹر) تھانہ خزانہ کے علاقے میں بچوں کے شور شرابے پر ہونے والی تکرار پولیس اہلکار کے قتل کا پیش خیمہ بنی ٬ ہمسائیوں نے لوہے کے ڈنڈے سے وار کرکے پولیس اہلکار کو قتل کیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او خزانہ قاضی اکمل کے مطابق ملزم بھائیوں سجاد اور جواد ساکنان احمد آباد پر الزام ہے کہ انہوں نے تکرار پر پولیس اہلکار رحمان اللہ ولد صاحب گل سکنہ احمد آباد کو پکڑ کر ایک ملزم نے لوہے کے ڈنڈے سے اس کےسر پر وار کرکے شدید زخمی کیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر راستے میں جان بحق ہوا۔ واقعہ کے حوالے سے مقتول کے بھائی سبحان اللہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکےگزشتہ روز چھاپے کےدوران دو ملزم بھائیوں کو گرفتارکرلیا گیا ۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق محلے میں بچوں کے شورشرابے سے معاملہ بڑوں میں بحث و مباحثہ کی وجہ بنی ۔مقتول پولیس ڈرائیور رحمان اللہ تھانہ پہاڑی پورہ میں تعینات تھے ۔ گرفتار ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے۔