اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کا اجلاس 21 ستمبر کو بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا،اجلاس میں اہم قانون سازی اور نئے صوبوں کے معاملے پر بحث متوقع ہے، ذرائع کے مطابق وزارتِ پارلیمانی امور آئندہ ہفتے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری تیار کرکے وزیراعظم کو بھجوائے گی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد سمری صدرِ مملکت کو ارسال کی جائے گی، جن کی منظوری سے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ اجلاس اہم نوعیت کا ہوگا، جس میں حکومت کی جانب سے مختلف اہم قوانین ایوان میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ اجلاس کے دوران قانون سازی کے علاوہ قومی اہمیت کے مختلف معاملات بھی زیر بحث آنے کی توقع ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے آئندہ اجلاس کے لیے قانون سازی سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ متعلقہ وزارتوں اور اداروں سے قانون سازی کے لیے درکار امور کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ آئندہ اجلاس میں نئے صوبوں کے معاملے پر بھی بحث کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی بنیادوں پر نئی اکائیوں کی تشکیل کا معاملہ ایک مرتبہ پھر پارلیمانی سطح پر زیر بحث آسکتا ہے۔نئے صوبوں کا معاملہ آئینی، انتظامی اور سیاسی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس پر مختلف سیاسی جماعتیں ماضی میں اپنے اپنے مؤقف کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اگر یہ معاملہ ایوان میں زیر بحث آیا تو حکومت اور اپوزیشن ارکان کی جانب سے اس پر تفصیلی اظہارِ خیال متوقع ہے۔