اسلام آباد (قاسم عباسی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، کراچی نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے اعلیٰ حکام اور نجی کمپنیوں کے خلاف ایف آئی آر نمبر 14/2026 درج کر لی ہے۔ ان پر مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کے ذریعے درآمدی اجازت نامے حاصل کرنے اور بھارت سے 3.3 ارب روپے سے زائد مالیت کی میتھائل برومائیڈ کی غیر قانونی درآمد میں سہولت کاری کا الزام ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، تین نجی اداروں نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے افسران کے ساتھ ملی بھگت کرکے دھوکہ دہی کے ذریعے امپورٹ پرمیشن سرٹیفکیٹس حاصل کیے۔ ملزمان نے مبینہ طور پر بھارتی ساختہ میتھائل برومائیڈ، جو اوزون کی تہہ کو نقصان پہنچانے والا ایک محدود مادہ ہے اور ایک خلیجی ریاست کے راستے لایا گیا تھا، کو ایک فرضی آسٹریلوی ادارے میسرز اِن ٹیک آرگینکس آسٹریلیا پرائیویٹ لمیٹڈ سے حاصل کردہ ظاہر کیا۔