اسلام آباد (جنگ نیوز)پاکستان ریلوے نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں ڈیپوٹیشن پر تعینات اپنے افسران کو واپس بلا کر ان کی نئی تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق متعلقہ افسران کو اس سے قبل ریلوے میں واپس رپورٹ کرنے کے معاملے پر شوکاز نوٹس جاری کیے گئے تھے جبکہ ان کی پرسنل ہیئرنگ بھی کی گئی تھی۔ اس کارروائی کے بعد ریلوے انتظامیہ نے پی سی بی سے افسران کو واپس بلا کر ان کی نئی پوسٹنگز کر دی ہیں۔پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کی جانب سے 4 ستمبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قاضی جواد احمد کو پی سی بی سے واپسی پر ڈپٹی چیف انجینئر (مڈل)، BS-19، ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور تعینات کیا گیا ہے۔اسی نوٹیفکیشن کے تحت فرحت عباس فخری کو پی سی بی سے واپسی پر XEN/Design-I،BS-18،ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور تعینات کیا گیا ہے۔ سول انجینئرنگ شعبے کے دیگر افسران کی ذمہ داریوں میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے۔