کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ لاجسٹکس پارک کے قیام اور 500الیکٹرک وہیکل (ای وی) بسز کی خریداری کے منصوبوں کی صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔لاجسٹکس پارک سے ٹریفک نظام بہتر ہوگا،تکنیکی کارروائی مکمل کرکے منصوبوں کو بروقت عملی شکل دی جائے گی۔ وہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) بورڈ کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایس ایم ٹی اے بورڈ کے ممبران، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے بہزاد میمن، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق مختلف انتظامی، تکنیکی اور عملی امور، ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی پیش رفت، ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کو جدید سفری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔