اسلام آباد (نیو زرپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت ہتھکنڈوں سے باز رہے، بیس ستمبر کو قافلے اسلام آباد ضرور پہنچیں گے ،پی ٹی آئی ، جمعیت علماء اسلام ، اے این پی سمیت ساری اپوزیشن نے جماعت اسلامی کے لانگ مارچ کی حمایت کی ہے ، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں ، انہیں صحت کی تمام سہولیات دی جائیں ، احتجاج تحریک انصاف کا آئینی حق ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر میاں محمد اسلم ، ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے آج رات بٹ خیلہ اور تیمرگرہ میں عوامی جلسوں سے خطاب کا اعلان کیا اور کہا کہ ملک بھر کے 36 شہروں میں جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں عوام کی شرکت بڑھ رہی ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں خواتین کے بڑے پروگرام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کا پٹرول کی قیمت سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ ایک مافیائی نظام کے تحت چند افراد کو فائدہ پہنچانے کے لیے عوام پر ظلم کیا جا رہا ہے۔ حکومت کے پاس ان سوالات کا جواب موجود ہے۔ انہوں نے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام اپوزیشن رہنماؤں کا احتجاج کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں ایک ایلیٹ گروپ (Elite Group) عوام کو لوٹ رہا ہے۔ شوگر مافیا پہلے چینی برآمد کرکے مصنوعی قلت پیدا کرتا ہے اور پھر خود ہی اسے درآمد کرتا ہے۔ اسی طرح کسان سے گندم 2200سے 2500روپے من خریدی گئی، لیکن بعد میں یہی گندم 4000سے 5000روپے من تک فروخت ہوئی۔ ان تمام چکر بازیوں میں ایک ہی مافیاملوث ہے۔