کوئٹہ( نمائندہ جنگ )محکمہ داخلہ بلوچستان نے ریاست مخالف بیانیہ چلانے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 100سرکاری ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کردیا، برطرف ہونے والوں میں 95یونیورسٹی اساتذہ بھی شامل ہیں۔ معاون محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق برطرف سرکاری ملازمین پاکستان مخالف بیانیہ چلا رہے تھے اور انہوں نے سرکاری حلف کی خلاف ورزی کی۔ ریاست کے خلاف بیانیے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری مراعات حاصل کرنے کے باوجود پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کا سلسلہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق برطرف کیے گئے 100 ملازمین میں 95یونیورسٹی ٹیچرز شامل ہیں، جبکہ مزید دو اساتذہ کے خلاف کیسز زیر التوا ہیں۔بابر یوسفزئی کے مطابق محکمہ صحت کے تین ملازمین سمیت مزید پانچ سرکاری ملازمین کو بھی ریاست مخالف بیانیہ چلانے پر ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے۔